بدھ کو ایوان زیریں کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا‘ اجلاس کے دوران ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافے کے حوالے سے بل لائے جانے کی بھی چہ میگوئیاں ہوتی رہیں تاہم کارروائی میں ایسا کوئی قانون پیش نہ کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ کے مختلف ذیلی اداروں سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات ایوان میں پیش نہ کرنے پر حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سردار ایاز صادق نے وفاقی ترقیاتی ادارے کے جواب نہ آنے پر اراکین سے استفسار کیا کہ کیا آپ سی ڈی اے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس پر اراکین نے بلند آواز میں کہا کہ ہرگز نہیں، یہ صرف مخصوص لوگوں کے کام کرتے ہیں، لوگوں کے شکایات کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ سپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر سی ڈی اے کے خلاف قرار داد منظور ہوتی ہے تو یہ حکومت کے لیے بڑی سبکی کا باعث ہو گی۔
Follow Us