ناقص کارکردگی پی سی بی کو کھلاڑیوں کیخلاف ایکشن لینے کی ضرورت/ افضل افتخار

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے چیمپئنز ٹرافی کے بعد دورہ نیوزی لینڈ نیا امتحان ثابت ہوگا پاکستان ٹیم اپنی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ میں آخری پوزیشن حاصل کرسکی ہے جو اسکی کسی بھی بڑے ایونٹ میں بدترین کارکردگی تصور کی جارہی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی سینئرز کھلاڑی ناقص کھیل کی وجہ سے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے شائد دستیاب نہیں ہوں گے جن میں بابر اعظم اور شاہین شاہ سمیت دیگر سینئرز شامل ہیں جبکہ پی سی بی نے بھی دورہ کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں دورہ کے لئے شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے نیوزی لینڈ کی ٹیم جس سے پاکستان کی ٹیم کو مسلسل چار مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے پاکستان کے لئے کسی بھی صورت آسان حریف نہیں ہوگی اور اب جب پاکستان کی ٹیم اس کی سر زمین پر کھیلے گی تو پاکستان کے لئے کامیابی حاصل کرنا اتنا آٰسان نہیں ہوگا جس کا تصور کیا جارہا ہے پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے بھی خاموشی سادھ لی ہے اور ٹیم کے خلاف فی الحال کوئی کاروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ٹیم کی جلد بازپرس کی جاتی اور تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جاتے جس کا شائقین کو شد ت سے انتظار ہے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ماضی میں بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سرجری کرنے کا عزم منظر عام پر آیا تھا لیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا اب بھی لگتا ایسا ہی ہے کہ ماضی کی طرح کچھ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں بھی یہ ہی ٹیم کھیلتی نظر آئے گی اس طرح کرکٹ کی بہتری نہیں ہوسکتی ضرورت اس بات کی ہے کہ عملی طور پر ایسے اقدامات بروئے کار لائے جائیں جن کے مستقبل میں مثبت نتائج سامنے آئیں۔