fbpx
منتخب کالم

بلاول بھٹو اور امید کی کرن/

بلاول بھٹو زرداری نمائش چورنگی کے پاس ایک فلاحی تنظیم جے ڈی سی کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے کھولی گئی لیب کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ، وہ کراچی کے غریب عوام کیلئے مہنگے ترین لیب ٹیسٹ بالکل مفت ہونے پر خوش اور مطمئن تھے ، وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کی تعریف کرتے ہوئے بتارہے تھے کہ انکی فلاحی تنظیم اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے کہ غریب عوام کی خدمت کی جائے ان کے مسائل حل کیے جائیں اور وہ جے ڈی سی کے شکر گزار ہیں کہ نہ صرف بہترین معیار کی لیبارٹری کے ذریعے غریب لوگوں کی مدد کررہے ہیں بلکہ ان کی تنظیم کی جانب سے کراچی میں جگہ جگہ کھولے جانے والے ڈائلسسز سینٹر ہوں یا مفت کھانوں کے مراکز یا لاوارث بزرگوں کے لیے اولڈ ہومز ہوں یا مارچری ، وہ بہترین طریقے سے غریب عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔بلاول بھٹو نے یہ خطاب انتخابات سے قبل جے ڈی سی کی لیب کے افتتاح کے موقع پر کیا تھا ، اب سندھ میں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی حکومت کے قیام کو طویل عرصہ گزر چکا ہے امید ہے الیکشن سے پہلے کیے جانے والے بلاول بھٹوکے یہ وعدے جو اب تک وفا نہیں ہوسکے ہیں جلد ہی ان پر سندھ حکومت عملدرآمد کرے گی تاکہ جے ڈی سی فائونڈیشن جو خدمات کراچی جیسے شہر میں فراہم کررہی ہے وہ اب کراچی سے نکل کر اندرون سندھ میں بھی شروع کرسکے جس کی بہت زیادہ ضرورت بھی ہے۔ قارئین یہ بات بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ کراچی کیا پورے پاکستان میں نجی اسپتال اور لیبارٹریز ایک کاروبار ہی نہیں بلکہ پورا مافیا بن چکاہے جہاں اگر ایک غریب آدمی غلطی سے اپنی بیماری کے سبب اسپتال میں داخل ہوجائے تو شاید بیماری سے تو بچ جائے لیکن ان نجی اسپتالوں کے بلوں سے ہی اکثر لوگ اپنی جان سے چلے جاتے ہیں۔جے ڈی سی کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا کہ انجانے میں جے ڈی سی نے فری لیب کی سہولت کا اعلان کرکے بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈال دیا ہے ،مخیر افراد کی اربوں روپے کی مدد سے جو لیب نمائش کے علاقے میں کھولی گئی ہے جہاں ایک روپے سے لیکر ایک لاکھ روپے کے ٹیسٹ بھی بلا معاوضہ کیے جاتے ہیں ان کے خلاف نجی لیب مافیا کھڑا ہوچکا ہے ، اب ہر روز نجی لیب مافیا اپنے لوگوں کو اپنے ہی ڈاکٹر کے لیٹر کے ساتھ درجنوں ٹیسٹ کرانے کیلئے بھیج دیتا ہے جسکی مذکورہ شخص کو ضرورت بھی نہیں ہوتی، جے ڈی سی کی لیب کو ناکام بنانے کیلئے کبھی ان پر سندھ حکومت سے اربوں روپے لینے کے الزام لگائے جاتے ہیں تو کبھی جھوٹی سوشل میڈیا مہم چلائی جاتی ہے اور یہ جھوٹی مہم اتنے تواتر سے چلائی جاتی ہے کہ اب جے ڈی سی بے چاری اور ظفر عباس بے چارا نظر آتا ہے، لیکن اس تمام منفی مہم کے باوجود ظفر عباس اپنی تنظیم جے ڈی سی کے ساتھ ذات پات، نسل اور مذہب سے بالا تر ہوکر غریب لوگوں کی مدد میں مصروف ہے ۔حال ہی میں جے ڈی سی کی جانب سے انتہائی اعلیٰ معیار کا ا و لیول اسکو ل قائم کیا گیا ہے جہاں غریب بچوں کو او لیول تک مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے ظفر عباس کا کہنا ہے کہ انکی توجہ سب سے پہلے سندھ حکومت کے تعاون سے اندرون سندھ کے غریب عوام کیلئے طبی منصوبوں کا آغاز کرنا ہے جبکہ وہ امریکہ میں مقیم مخیر پاکستانی علی شیخانی کے تعاون سے کراچی میں ان کی والدہ شمیم شیخانی کے نام پر جے ڈی سی شمیم شیخانی کینسر اسپتال قائم کرنے جارہے ہیں جس کیلئے امریکہ سے بارہ ارب روپے کی مشین کی خریداری کیلئے بات چیت شروع ہوچکی ہے جس کے بعد کراچی میں شوکت خانم کے معیار کا کینسر اسپتال غریب اور نادار لوگوں کا بالکل مفت علاج کرے گا۔ قارئین حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے خلاف اتنا منفی پروپیگنڈہ کیا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے آپ کو عوام کی تکالیف سے بالکل بری الذمہ سمجھتی ہے لیکن بلاول بھٹو زرداری کی شکل میں پیپلز پارٹی کو بھی نہ صرف ایک نئی زندگی ملی ہے بلکہ اندرون سندھ کے عوام کو بلاول بھٹو کی شکل میں امید کی کرن نظر آئی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ بلاول بھٹو کو اپنے لیے مسیحا سمجھتے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی بلاول بھٹو کی کرشماتی شخصیت کا سحر طاری ہوتا جارہا ہے ۔امید ہے سندھ کے عوام کی خدمت پورے پاکستان کے عوام کو پیپلزپارٹی کی جانب متوجہ کرے گی۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے