مسجد نبوی میں ہنگامی طبی امداد کے لیے سکوٹر سروس متعارف/ اردو ورثہ

مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے ماہ رمضان کے دوران نمازیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مسجد نبوی میں ایک نئی ایمرجنسی سکوٹر سروس شروع کی ہے۔
مسجد نبوی میں ہزاروں نمازیوں کی موجودگی کے باعث طبی عملے کے لیے ہجوم میں حرکت کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سکوٹرز میڈیکل ٹیم کو مصروف مقامات میں آسانی سے نقل و حرکت، ہنگامی کیسز تک فوری رسائی اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو قریبی ہسپتالوں اور طبی مراکز تک پہنچانے میں مدد دیں گے۔
اس سروس کے آغاز کے بعد سے اب تک 91 افراد اس سروس سے مستفید ہو چکے ہیں۔
اس دوران ان سکوٹرز کا استعمال کرتے ہوئے تمام مریضوں کو شہر کے مرکزی علاقے میں موجود طبی مراکز منتقل کیا گیا جن میں الشفا ہیلتھ اینڈومنٹ، حرم ایمرجنسی ہسپتال، صفیہ اور باب جبریل مراکز شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ نیا اقدام مدینہ ہیلتھ کلسٹر کی جانب سے زائرین کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب حرمین شریفین کے امور کے لیے قائم جنرل اتھارٹی نے رمضان کے دوران معذور افراد اور بزرگ عقیدت مندوں کی سہولت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
اتھارٹی نے جدید سہولیات اور نئی سروسز سے آراستہ خصوصی نماز کے مقامات مختص کیے ہیں۔
اس اقدام کے تحت عقیدت مندوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے وہیل چیئر ریمپ نصب کیے گئے ہیں اور مخصوص راستوں کے لیے واضح رہنما نشانات فراہم کیے گئے ہیں۔
سروس ایریاز کو نمایاں علامتی نشانات کے ذریعے واضح کیا گیا ہے جبکہ ان افراد کے لیے ہاتھ سے چلنے اور الیکٹرک کارٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔