العلا کانفرنس سے قبل پاکستان اور سعودی عرب کا معاشی تعاون مضبوط بنانے کا عزم/ اردو ورثہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے العلا کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچنے کے بعد اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات میں مشترکہ مستقبل کے لیے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ابھرتی مارکیٹ اکانومی کے حوالے سے منعقدہ العلا کانفرنس میں شرکت کے لیے ہفتے کو سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی۔
العلا کانفرنس ایک سالانہ اقتصادی پالیسی کانفرنس ہے، جس کا اہتمام سعودی عرب کی وزارت خزانہ اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (IMF) کے ریاض میں علاقائی دفتر نے کیا ہے جس کا آغاز اتوار یعنی آج سے ہونے جا رہا ہے۔
یہ کانفرنس ابھرتی ہوئی منڈیوں کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینک کے گورنرز، اور پالیسی سازوں کے ساتھ ساتھ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے رہنماؤں، بین الاقوامی اداروں اور تعلیمی اداروں کے ایک منتخب گروپ کو بلائے گی۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے مطابق، العلا کانفرنس کے کل نو سیشن ہوں گے جس میں 200 شرکا اور 36 مقررین شرکت کریں گے۔
یہ فورم بدلتی ہوئی دنیا میں لچک پیدا کرنے کے طریقوں، اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے درکار مناسب اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرے گا۔
یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو گی جب دنیا گہرے اور مسلسل معاشی ناہمواریوں، بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان تجارتی تناؤ، جغرافیائی سیاست، اور سخت مالیاتی حالات سے دوچار ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس سے قبل پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان کے درمیان ملاقات میں معاشی تعاون کے فروغ اور باہمی خوش حالی کو آگے بڑھانے کے عزم پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وزرا خزانہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا جب کہ دونوں وزرائے خزانہ نے اپنے ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزرا نے دونوں ممالک کے درمیان بنیادی شعبوں بشمول انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات میں تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے مسلسل مکالمے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ سرمایہ کاری اور معاشی مواقع کو فروغ دیا جا سکے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ وسیع تر خطے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔