پاکستانی وزیراعظم اور اماراتی صدر کا مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل پر زور/ اردو ورثہ

وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان کے درمیان منگل کو ابوظبی میں ہونے والی ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ’ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025‘ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ سربراہی اجلاس آج (11 فروری) سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے، جس کا موضوع ’شیپنگ فیوچر گورنمنٹس‘ ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ابوظبی میں قصر الشاطی میں آج ہونے والی ملاقات کے موقعے پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس ملاقات میں پاکستانی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے ’دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفادات کی تکمیل کے لائحہ عمل و تعلقات کی مضبوطی پر گفتگو کی۔‘
ملاقات میں ’اقتصادی، تجارتی اور ترقی و دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین موجود اشتراک و تعاون پر گفتگو کی گئی، جو پائیدار اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے لیے دونوں ممالک کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔‘
ملاقات کے دوران گورننس میں عالمی رجحانات کی نشاندہی اور عالمی تبدیلیوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومتی تیاریوں کی قابلِ عمل حکمت عملی پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ترقی کی رفتار میں اضافے اور سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ان تبدیلیوں سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق: ’پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔‘
مزید کہا گیا کہ ’دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘