امریکہ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان میں تعینات امریکی سفارتی عملے اور شہریوں کو 16 دسمبر 2024 تک پشاور میں سرینا ہوٹل اور آس پاس کے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا: ’پاکستان میں امریکی مشن کی طرف سے موصول ہونے والی سکیورٹی معلومات کی بنیاد پر، امریکی مشن کے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں خیبر روڈ پر واقع سرینا ہوٹل اور پشاور گالف کلب میں اب سے 16 دسمبر 2024 تک کے عرصے کے دوران نہ جائیں۔‘
مزید کہا گیا کہ ’امریکی شہریوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران (سرینا) ہوٹل اور اس کے آس پاس کے علاقوں (میں جانے) سے گریز کریں اور سفری منصوبوں پر نظر ثانی کریں۔‘
بیان میں امریکی شہریوں کے لیے 10 ستمبر 2024 کو جاری کیے گئے دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا کا ’سفر نہ کرنے ‘ کی ایڈوائزری کا بھی ذکر کیا گیا۔
امریکی سفارت خانے کے اس سکیورٹی الرٹ کے حوالے سے تاحال صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔