زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں اوپنر صائم ایوب نے 53 گیندوں پر اپنی پہلی سینچری بنا کر پاکستان کو 10 وکٹوں سے شاندار فتح دلا دی۔
مہمان ٹیم نے آج 18.2 اوورز میں 148 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔
صائم نے 62 گیندوں پر ناقابل شکست 113 رنز بنائے، جس میں 17 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ یہ پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ میں تیسری تیز ترین سینچری ہے۔
ان کے ساتھی بلے باز عبداللہ شفیق 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میچ میں80 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ تین میچوں کی سیریز اب ایک – ایک سے برابر ہو چکی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آج لیگ سپنر ابرار احمد نے اپنے ڈیبیو میچ میں 33 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سلمان علی آغا نے 26 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32.3 اوورز میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میچ کے اختتام پر پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا، ’جس طرح لڑکوں نے بولنگ کا آغاز کیا، انہوں نے بہت اچھا کام کیا اور ہمیں بنیاد فراہم کی۔ اس کے بعد صائم کی اننگز غیر معمولی تھی۔‘
دیون مائرز نے 30 گیندوں پر 33 رنز بنائے، لیکن دیگر زمبابوین بیٹرز پاکستانی سپنرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہے۔
آف سپنر سلمان کی گیندوں کو بھی زمبابوے کے بیٹرز سمجھنے میں ناکام رہے۔ مائرز ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان کریگ اروائن (18) رنز بنا کر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سکندر رضا نے مختصر اننگز میں دو چھکے لگائے، لیکن مڈ آف پر کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ زمبابوے کی آخری پانچ وکٹیں صرف 24 رنز پر گریں، جس میں ابرار نے تیزی سے ٹیل اینڈرز کو آؤٹ کیا۔
تیسرا اور آخری ون ڈے میچ جمعرات کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔