پاکستان کی سیاسی صورت حال پر لائیو اپ ڈیٹس
تحریک انصاف کے احتجاج کی تیاریاں، حکومت کا اسلام آباد کو ’ہر صورت‘ محفوظ رکھنے کا اعلان
اتوار کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس سے ہفتے کی صبح خطاب میں اسلام آباد کو ’ہر صورت محفوظ‘ رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔
پولیس لائنز میں علی الصبح پولیس اہلکاروں سے خطاب میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے۔ ’اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔
’امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔‘
چھ موٹرویز بند، اسلام آباد میں مختلف شاہراہیں کنٹینر لگا کر بند، پولیس کی تردید
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی راستوں اور شہر کے اندر مختلف مقامات پر کنیٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد کے داخلی راستوں اور شہر کے اندر راستے مسدود کرنے سے متعلق اسلام آباد پولیس کے ترجمان جواد تقی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ تا حال پولیس کی جانب سے کسی بھی سڑک یا اسلام آباد کے داخلی پوائنٹ کو نہیں بند کیا گیا۔
تاہم دوسری جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر ہو رہی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی بعض شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چھ موٹر ویز جمعے کی رات سے بند ہو جائیں گی، تاہم اس کی وجہ کوئی جلسہ جلوس نہیں بلکہ تعمیراتی کام بتائی گئی ہے۔