fbpx
خبریں

بلوچستان، کے پی میں نو عسکریت پسند مارے گئے، پنجاب سے 33 گرفتار: سکیورٹی حکام/ اردو ورثہ

پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ جمعے کو صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران نو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ صوبہ پنجاب میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 33 عسکریت پسند گرفتار کر لیے گئے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے آج ایک بیان میں بتایا کہ چھ ستمبر کو چار خود کش حملہ آروں نے ضلع مہمند میں فرنٹیئر کور کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے حملے کو ناکام بناتے ہوئے چاروں حملہ آوروں کو مار دیا۔

صوبہ بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے جمعے کی رات ایک بیان میں کہا کہ ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں جھڑپوں کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے پانچ عسکریت پسندوں کو مار دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے نام ظاہر نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عرب نیوز کو بتایا: ’سی ٹی ڈی کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گرد مارے گئے اور ان کے ٹھکانے سے اسلحہ اور بارودی مواد، بشمول ہینڈ گرینیڈ، دیسی ساختہ بم اور ایک موٹر سائیکل ضبط کی گئی ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ عسکریت پسندوں میں سے ایک کا تعلق افغانستان کے سرحدی شہر سپین بولدک سے تھا، جو پاکستان کے جنوب مغربی سرحدی شہر چمن کے قریب واقع ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے آج اپنے بیان میں کہا کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران خفیہ معلومات کی بنیاد پر صوبے کے مختلف شہروں میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 33 عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر 475 آپریشن کیے گیے، ’جن کے دوران داعش اور جماعت الاحرار کے خطرناک مبینہ دہشت گردوں سمیت کل 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔‘

دیگر ملزمان کا تعلق بھی مختلف کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ کلوگرام دھماکہ خیز مواد، دو دستی بم، دو آئی ای ڈی بم، 26 ڈیٹونیٹر، 73 فٹ حفاظتی فیوز وائر، چار 30 بور پستول اور 19 گولیاں، کالعدم تنظیم کے 17 پمفلٹس، سات ممنوعہ میگزین، 15 ممنوعہ کتابیں، 121 پمفلٹس، 156سٹیکرز، دو موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے نقدی بھی برآمد ہوئیں۔‘

لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاول پور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان اور بھکر میں کی گئیں ان کارروائیوں کے حوالے سے سی ٹی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔‘

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ان گرفتار ملزمان کے خلاف 32 ایف آئی آرز درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔




Source link

رائے دیں

Back to top button
Close

Adblock Detected

برائے مہربانی ایڈ بلاکر ختم کیجئے