ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور اںڈیا برمنگھم میں آج ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
انگلینڈ میں جاری چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2024 میں یونس خان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو اور یووراج سنگھ کی قیادت میں انڈین ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
جمعے کو ہونے والے سیمی فائنل میں پاکستان کے 198 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 178 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس پورے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے چھ میچز کھیلے جس میں سے صرف جنوبی افریقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم انڈیا، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کو پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے جیت کے آس پاس بھی نہیں آنے دیا۔
آج اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایک بار پھر میدان میں اتریں گی، تو کیا آج پاکستان کے سابق کھلاڑی حال ہی میں ٹی20 ورلڈ کپ2024 میں پاکستانی ٹیم کی شکست کا بدلہ لے سکیں گے؟ اور ٹرافی پاکستان لانے میں کامیاب ہو سکیں گے؟ اس سوال کا جواب آنے میں تو اب چند گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے کرکٹ شائقین اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے ایک اچھے مقابلے کی امید کر رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کرکٹ کے شائقین اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔ اے کے نامی صارف نے پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا لیکن ساتھ یہ بھی کہا کہ انڈیا بھی اب فارم میں آرہا ہے، امید ہے کہ یہ ایک اچھا مقابلہ ہوگا۔
ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے صرف باکی ہنما نے لکھا کہ ’یہ انڈیا کی سب سے کمزور چیمپیئن سائیڈ ہے اور پاکستان کی سب سے مضبوط چیمپیئن سائیڈ ہے اگر اب بھی پاکستان جیت نہیں سکا تو ایمانداری سے مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کو کرکٹ کھیلنا چھوڑ دینا چاہیے۔‘
کچھ صارفین کی جانب سے سابق کھلاڑیوں کے جوش پرفارمنس اور فٹنس کو دیکھتے ہوئے نئے کھلاڑیوں کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انڈین صارف نے لکھا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کو ان سابق کھلاڑیوں سے نوٹس لینے چاہییں۔ بابر اور رضوان کو بنچ پر کیوں نہیں بٹھاتے اور ان سابق کھلاڑیوں کو کیوں نہیں لاتے؟
انڈین صارف کی اس تنقید پر کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی صارف حیدر نے لکھا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان آخری دو ٹی20 میچ سب سے کم مارجن پر آگئے تھے، جس میں 35 اوورز تک پاکستان ٹیم حاوی رہی لیکن آخری پانچ اوورز میں انڈین ٹیم جیت جاتی تھی۔‘
محمد حضران نے لکھا کہ یونس بھائی آپ اتنے بڑے لیجنڈ کھلاڑی ہے، بابر اعظم کو بھی کپتانی سیکھا دیں۔
انڈین مداح نے کہا کہ اس فائنل سے 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کی یاد آگئی۔ اور ایک بار پھر یوراج سنگھ کی ٹیم ٹرافی گھر لا رہی ہے، اس کے باوجود کے کہ پاکستانی ٹیم سب سے زیادہ فٹ اور فارم میں ہے۔